نواب شاہ(ویب ڈیسک)سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھ سے کونسی طاقتیں نبردآزما ہیں لیکن پھر بھی اپنے بچوں کو اس جنگ میں سپاہیوں کی حیثیت سے اتار چکا ہوں۔نواب شاہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا
کہ آنکھیں دیکھنے کے لیے ہوتی ہیں اور میں سب کچھ دیکھ رہا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ کن قوتوں کے درمیان جھگڑا ہے اور کون سی قوتیں مجھ سے نبرد آزما ہیں، سب کچھ جاننے کے باوجود اپنے اکلوتے بیٹے اور بیٹی کواس جنگ میں بہادر سپاہیوں کی حیثیت سے اتار چکا ہوں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کی جو ذمہ داری مجھ پرعائد ہوتی ہے اس مشن سے نہیں ہٹوں گا، سیاسی میدان میں ہم سے بڑے بڑے لوگ آئے اور چلے گئے جن کا آج نام بھی نہیں ہے، موت برحق ہے، میرے بعد میری اولاد عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کی آبادی بڑھتی جارہی ہے اور آنے والے چند برس میں ہمیں پریشان ہونا پڑے گا اس لیے ابھی سے اقدامات اٹھانے ہوں گے اور ہمیں مستقبل کی نسلوں کی بہتری کے لیے سوچنا ہوگا۔