اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ہائوسنگ ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے بے گھر افراد کو مکانات کی فراہمی میں مدد ملے گی اورملک میں اقتصادی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے چیئرمین ضیغم محمود رضوی نے اجلاس میں مجوزہ قانون سازی پر پیشرفت، وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم کئے گئے ہاؤسنگ اداروں اور مجوزہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور پروگرام سے متعلق دیگرامور پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس پروگرام کو آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لئے مالیاتی رسائی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ گورنرسٹیٹ بنک طارق باجوہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پانچ سالہ منصوبے پر عملدرآمد سے روزگارکے تیس لاکھ مواقع پیدا ہوں گے اور ساڑھے پانچ ارب ڈالر کی اضافی برآمدات کو یقینی بنایا جاسکے گا۔