پارلیمان میں واحد پاکستان پیپلز پارٹی ہے جو حکومت کے مثبت اقدامات پر حکومت کا ساتھ اور منفی اقدامات پر مخالفت کر رہی ہے ، سید کفایت حسین نقوی
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینئر نائب صدر سید کفایت حسین نقوی نے کرتارپورہ بارڈر کھولنے کے فیصلے اور حکومت کی مصالحانہ جدوجہد پر پیپلز پارٹی کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جو بھی مثبت اقدامات کریگی پاکستان پیپلز پارٹی اس کا ساتھ دیگی اور جو بھی منفی اقدامات اور عوام کی امنگوں کے خلاف اقدامات کریگی اس پر ہمیشہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق اس کی مخالفت کریگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمان کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو قومی سطح کی سیاست کر رہی ہے حکومت کی حلیف جماعتیں اپنے مفادات کیلئے اسے بلیک میل اور بہت سے حریف جماعتیں بے بنیاد تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں جبکہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ ہے جو حکومت کو اس کے عوام کے ساتھ کیے وعدے نبھانے کیلئے اکسارہی ہے اور اس کی کمزوریوں کو سامنے لا کر حکومت کو بے نقاب کر رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظلم و ستم دہشتگردی اور بھارتی سازشوں کیخلاف حکومت کا ساتھ دیا ہے چاہے اس سے پارٹی کو کتنا ہی نقصان پہنچے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق ہمیشہ قومی مفاد کیلئے سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر عوامی نمائندوں کو سپورٹ بھی کریگی اور ان پر تنقید بھی کریگی۔