اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور سے پاکستان میں موجود غیر ملکی صحافیوں نے ملاقات کی ہے جس دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان سرحدوں کے پا ر بالخصوص افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ۔ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیر ملکی میڈیا کے صحافیوں کو پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ دی۔ملاقات میں پاک افغان سرحد سے متعلق امور اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں کو بتایا کہ کامیاب کلیئرنس آپریشنز سے ملک کی سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، ہم اب استحکام کی جانب گامزن ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک میں امن بحال کرنے کے بعد پاکستان سرحدوں کے پار بالخصوص افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی پاکستان کو اپنے رپورٹرز کے ذریعے دیکھتی ہے، اس لیے ہم توقع رکھتے ہیں کہ غیر ملکی رپورٹرز پاکستان کی بہتر ہوتی سیکیورٹی صورت حال کو اجاگر کریں گے، اس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا درست تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔یاد رہے کہ دوسری جانب امریکہ کے افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے زلمےٰ خالیزاد وفد کے ہمراہ اسلا م آباد پہنچ چکے ہیں جہاں وہ سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور افغانستان میں امن کے قیام کیلئے مشاورت اور تفصیلی تبادلہ خیال بھی کریں گے ۔