میانوالی(ویب ڈیسک) معروف لوک گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ کلچر کی بحالی کی طرف توجہ دیں، ان کاکہناتھاکہ تحریک انصاف کیلئے بنایاترانہ آج بچے بچے کی زبان پر ہے ، میں عمرا ن خان کا سپاہی ہوں اور رہوں گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کاکہناتھاکہ کسی سے گانا نہیں سیکھا اور نہ ہی کسی کو دیکھ کر مجھے گانے کا شوق پیدا ہوا بلکہ بچپن سے ہی گنگناتا تھا اور سکول میں اساتذہ مجھے قومی ترانہ پیش کرنے کے لئے کہتے تھے اور میں قومی ترانہ سنایا کرتا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ مجھے شہرت سنہ انیس سو اٹھہتر میں فیصل آباد کی کیسٹ کمپنی نے میرا گانا ’’دل لگایا تھا دل لگی کے لئے، بن گیا روگ زندگی کے لئے ‘‘سے ملی اور پھر ’’قمیض تیری کالی‘‘ نے تہلکہ مچا یا۔انہوں نے کہا کہ میں واحد گلوکار ہوں جس کی سب سے زیادہ آڈیو کیسٹیں پاکستان میں ریکارڈ ہوئی ہیں،میں نے ٹرک ڈرائیوری بھی کی اور بڑی محنت سے موجودہ مقام تک پہنچ پانے میں کامیاب ہوا ۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا کہناتھاکہ پاکستان کو خدا نے بے شمار قدرتی وسائل دے رکھے ہیں مگر ہم ان سے پیچھے ہیں، اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس لیڈر نہیں تھا جو اب عمران خان کی شکل میں مل گیا ۔