counter easy hit

بوگس احتسابی عمل نااہل حکومت کی کارکردگی سے توجہ ہٹانے اور عوامی مسائل سے صرف نظر کا حربہ، عالمی امداد حکومت کا آخری سہارا ہے، چوہدری محمد رزاق ڈھل

بوگس احتسابی عمل نااہل حکومت کی کارکردگی سے توجہ ہٹانے اور عوامی مسائل سے صرف نظر کا حربہ، عالمی امداد حکومت کا آخری سہارا ہے، چوہدری محمد رزاق ڈھل

پیرس (نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے صدر چوہدری محمد رزاق ڈھل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی نااہل کابینہ نے پاکستان کو بنانا سٹیٹ بنا دیا جہاں پر قانون کی حکمرانی صرف سیاسی مخالفین کو ڈرانے دھمکانے کیلئے، آئین کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی عام عوام سے دور جبکہ حکومتی وزرا جعل سازی میں مصروف اور آدھی سے زائد کرپٹ کابینہ کو احتساب سے بچانے کیلئے نت نئے حربے  آزمائے جارہے ہیں۔پولیس کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک کرنے کے بجائے براہ راست وزیراعلیٰ کے کنٹرول میں دے دیا گیا۔ بیوروکریسی کو سیاسی اداروں کے اثرورسوخ اور زیر نگین کرنے کیلئے نئے قوانین لائے جارہے اور ان کی کرپشن بے نقاب کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ حکومت اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کو اپنا وطیرہ بنا چکی ہے ایسے میں ملک اور ریاستیں کبھی ترقی نہیں کرسکتیں بلکہ صدیوں پیچھے چلی جاتی ہیں۔

نمائندہ یس اردو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر دور میں باعزت وباوقار طریقے سے عدالتوں اور آمروں کا سامنا کرتی آئی ہے ۔ سب عوامی نمائندوں کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا اور گزرنا چاہیے اور ملک و قوم کے لئے صادق اورامین بننا پڑے گا۔  سابق صدر آصف علی زرداری نے سب سے پہلے اچھی جمہوری روایات قائم کرنے کی روائت ڈالی جسے جاری رہنا چاہیے ۔ انہں نے کہا کہ مفاہمتی سیاست کی دھجیاں اڑا کر وزیراعظم دو نہیں کئی پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں کمزور اور طاقتور، امیر و غریب میں فرق بڑھتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کرپشن کیخلاف مہم اور کرتارپور کوریڈور جیسے لالی پاپ کے ذریعے اپنی نااہلی چھپا رہے ہیں جبکہ حقیقت میں کوئی نہ تو انفراسٹرکچر بنایا جارہا ہے اور نہ ہی وسائل میں کسی قسم کا کوئی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے بلکہ حکومت نااہل کابینہ کی کرپشن چھپانے اور عالمی امداد کے ذریعے ڈنگ ٹپائو پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان پیپلز پارٹی نے تنکا تنکا جوڑ کر ملک میں جمہوری حکومت قائم کی اور آمر کو رخصت کیا اور ایسا جمہوری پاکستان دیا جس میں پانچ سال میں کسی کیخلاف سیاسی مقدمہ یا انتقام نہیں لیا گیا۔ ایسا پاکستان جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، شاعر مشرق علامہ اقبال اور ہمارے آبا اجداد نے دیکھا تھا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی ہی ان سنہرے خوابوں کی تعبیر ڈھونڈ سکتی ہے

CH MUHAMMAD RAZAQ DHAL, PRESIDENT, PPP, FRANCE