واشنگٹن (ویب ڈیسک) تقریباً تین ماہ قبل سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے معاملے پر بین الاقوامی برہمی کے تناظر میں سعودی عرب کے شاہ سلمان نے اپنی کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ وزیر مملکت ابراہیم الآصف کو وزیر خارجہ تعینات کیا گیا ہے۔ وہ عدل الجبیر کی جگہ لیں گے جو 2015ء سے اسی عہدے پر فائز تھے۔ الجبیر کا قلمدان کم کرکے مملکتی وزیر برائے امور خارجہ بنایا گیا ہے۔ شاہ نے نیشنل گارڈ کے سربراہ، شہزادہ مطب بن عبداللہ کو ہٹا کر اس عہدے پر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کو تعینات کیا ہے۔اس کے علاوہ، اُنھوں نے ملک کی سیاسی اور سلامتی کی کونسل کی تنظیم نو کے احکامات جاری کیے ہیں۔ جنرل خالد بین قرار الحربی کو سکیورٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے، جب کہ مسعاد الایبان کو نیشنل سکیورٹی کا مشیر نامزد کیا گیا۔اکتوبر میں سعودی ایجنٹوں کے ہاتھوں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں خشوگی کے قتل کے تناظر میں شاہ اور اُن کے اپنے بیٹے ولی عہد محمد بن سلمان کابینہ میں تبدیلی کا اعلان کریں گے۔