لاہور (ویب ڈیسک ) حج کے موقع پر دو پاکستانی حاجیوں نے سعودی میـڈیا کو اپنا دیوانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق دو ضعیف العمر پاکستانی دوست جن کا نام اعجاز احمد اور احمد راج ہیں اور دونوں کی عمریں 80سال سے زائد ہیں نے اس سال فریضہ حج ادا کیا ہے۔ دونوں نے کئی دہائیاں قبل ایک دوسرے کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ جب بھی انہیں موقع ملا تو وہ اکٹھے حج کیلئے جائیں گے۔وہ اپنے اس خواب کو پورا کرنے کیلئے پچیس سال سے رقم جمع ہونے کا انتظار کر رہے تھے، اور بالآخر اس سال وہ مبارک موقع آ گیا کہ دونوں اپنا دیرینہ خواب پورا کرنے کے لئے اکٹھے سرزمین حجاز جا پہنچے۔احمد راج نابینا ہیں لیکن ان کے مخلص دوست اعجاز احمد نے حج کے تمام مراحل کے دوران اپنےدوست کی ہر ممکن رہنمائی کی اور ان کا مکمل سہارا بنے رہے۔انہوں نے اپنے دوست کو کسی بھی موقع پر مشکل پیش نہیں آنے دی۔اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 25 سال سے حج کی سعادت اکٹھے حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہے تھے اور بالآخر اس سال ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔اس موقع پر انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا میرے پاس کافی عرصہ پہلے اتنی رقم جمع ہوگئی تھی کہ میں حج کرسکتا تھا لیکن میرے دوست کے پاس رقم نہیں تھی۔ہم دونوں بچپن کے دوست ہیں اور ساری عمر اکٹھے رہے ہیں،اس لئے ہم نے حج بھی اکٹھے کرنے کا وعدہ کیا تھا۔اسی طرح دوسرے دوست احمد راج کا کہنا تھا کہ میں نابینا ہونے کے بعد اپنے دوست پر ہی انحصار کرتا ہوں۔میں نے اپنے خیمے کی جانب جانا ہو،ٹوائلٹ جانا ہو یا کوئی بھی اور کام، وہ ہر وقت میری مدد کیلئے موجود ہوتا ہے۔ میری ہی وجہ سے اس نے اتنا طویل انتظار کیا،ورنہ وہ اکیلا حج کیلئے آسکتا تھا۔وہی میری بصارت ہے جس کی وجہ سے میں اپنے کام کر سکتا ہوں اور وہی میری لاٹھی ہے جس کے ذریعے میں اپنا راستہ ڈھونڈتا ہوں۔اعجاز احمد اور احمد راج پر سعودی میڈیا میں خصوصی فیچر اور رپورٹس بھی شائع اور نشر کی گئیں اور انہیں دوستی کی اعلیٰ مثال قرار دیا گیا ہے۔