اسلام آباد (ویب ڈیسک) سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ایوین فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت کیخلاف دائر نیب کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہآنے سے نواز شریف کا عدلیہ کے بارے میں بیانیہ غلط ثابت ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں نیب کے ریفرنسز کی کمزوریوں کا ذکر کیا تھا اور آج کے فیصلے نے اس کی توثیق کر دی ہے۔
دوسرا پہلو یہ ہے کہ آج کے فیصلے سے مسلم لیگ (ن) بہت خوش ہے اور اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہی ہے حالانکہ اس بینچ میں وہ معزز جج صاحبان بھی شامل ہیں جن پر ماضی میں مسلم لیگ (ن) بہت تنقید کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس فیصلے کے سیاسی اثرات کی بات کی جائے تو ماضی میں مسلم لیگ (ن) کا عدلیہ کے بارے میں موقف درست نہیں تھا اور وہ لوگ جو ان کی ہاں میں ہاں ملا رہے تھے اور ہر پہلو میں سے سازش تلاش کر رہے تھے، ان کے دعوے اور بیانیہ غلط ثابت ہو گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ ان کا بیانیہ غلط تھا، اس لئے اب وہ عدلیہ پر بھی تنقید نہیں کر رہی ہے اور خلائی مخلوق کا بھی کم سننے کو ملتا ہے البتہ سوشل میڈیا پر مہم چل رہی ہے۔