لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف تقاریر اور نعرے لگانے والے لیگی رہنماؤں کی ضمانت منظور کر لی ہے، لیگی رہنماؤں شیخ وسیم اختر اور نعیم صفدر کو 18 ساتھیوں سمیت 1،1لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔۔ تفصیلات کے مطابق لیگی رہنماؤں شی وسیم اختر اور نعیم صفدر کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی انہیں ضمانت پر رہا کر دیا جائے ۔ جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت میں لیگی رہنماؤں کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔ بنچ نے ن لیگ کے سابق رکن اسمبلی شیخ وسیم اختر ، نعیم صفدر اور انکے 18 ساتھیوں کی ضمانت منظور کر لی گئی ، عدالت کی جان ب سے ملزمان کو ہدایات کی گئیں کہ 1،1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جائیں ۔ خیال رہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد جہاں ملک بھر میں ن لیگ کے رہنماؤں اور ورکروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا وہی قصور سے بھی لیگی رہنماء شیخ وسیم اختر اور نعیم صفدر کی جانب سے بھی ریلی نکالی گئی لیکن اس ریلی میں عدلیہ مخالف اور چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا گیا۔ جسکی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو وائرل ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے اور انہوں نے شیخ وسیم اختر اور نعیم صفدر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ۔