لاہور(ویب ڈیسک) تازہ ترین اطلاع کے مطابق حکومت پنجاب نے لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر 16 سال سے بڑھا کر 18 سال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ معاشرے میں کم عمری کی شادی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مختلف مسائل کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے ۔ وزارت قانون کے مطابق میرج ایکٹ میں ترمیم کے لیے محکمہ بلدیات نے سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے، سمری کی منظوری کے بعد ترمیم کا مسودہ تیار کیا جائے گا اور پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد ترمیمی ایکٹ نافذ العمل ہوگا۔ ماں اور بچے کی صحت کے پیش نظر محکمہ صحت نے بھی اس مقصد کے لیے قانون لانے اور پہلے سے موجود قوانین میں ترمیم کی سفارش کر رکھی ہے۔ (ش س م)