counter easy hit

موٹرولا ریزر پھر دھوم مچانے کے لیے تیار ہے

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) موٹرولا ریزر کو جب متعارف کرایا گیا تو اس نے دنیا بھر میں دھوم مچا دی۔ کمپنی اب ایک بار پھر اس ماڈل کو نئی شکل میں واپس لا رہی ہے۔ اس بار یہ فون فولڈ ایبل سمارٹ فون کی شکل اختیار کرے گا۔ موٹرولا کا ریزر سیریز کا موبائل فون ہر دور کے مقبول ترین موبائلز میں سے ایک رہا ہے۔ موٹرولا کی پیرنٹ کمپنی لیناوو اس برانڈ کے نام سے فائدہ اٹھا کر اسے فولڈ ایبل سمارٹ فون کی شکل دینا چاہتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نئی ڈیوائس فی الحال آزمائشی مراحل سے گزر رہی ہے اور اس کی حتمی تفصیلات ابھی طے نہیں ہوسکیں۔ اس فون کے فیچرز کے بارے میں ابھی کوئی ٹھوس معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ یہ پہلا موقع نہیں جب ریزر برانڈ دوبارہ وایسی کی کوشش کررہا ہے، کمپنی نے 2011 اور 2012 میں بھی ایسی کوشش کی تھی۔ نوکیا فونز کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی نے 3310 اور 8110 کو دوبارہ نئی شکل میں متعارف کرایا جو کہ کامیاب بھی ہوئے۔ کمپنی کو امید ہے کہ 2 لاکھ نئے ریزر فون فروخت ہوسکتے ہیں جو کہ ڈیڑھ ہزار ڈالرز والے فون کے لیے کافی بڑی سوچ ہے۔ اس کی قیمت بھی ڈیڑھ ہزار ڈالر یعنی 2 لاکھ روپے سے زائد ہوسکتی ہے۔ کمپنی اسے اگلے ماہ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔