اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پرپاکستان میں موجود ہیں جہاں آج اسلام آباد میں وہ مصروف ترین دن گزاریں گے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی گذشتہ روز پاکستان آمد ہوئی۔معزز مہمان محمد بن سلمان کا ملکی سرزمین پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی شہری فرمان خان کے نام پر اسپتال بنانے کی ہدایت کر دی۔سعودی ولی عہد کی ہدیت پر یہ اسپتال خیبرپختونخوا میں بنایا جائے گا جو کہ پاکستانی شہری فرمان خان کے نام پر بنایا جائے گا۔ فرمان خان نے 2009ء میں جدہ میں آنے والے سیلاب میں 14 افرد کی جان بچائی اور اپنی جان دے دی۔اس سے قبل بھی سعودی ولی عہد نے دو اہم اعلانات کیے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2 ہزار 107 پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔جب کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عازمین حج کو سعودی عربمیں سفری اور رہائشی سہولیات کے حوالے سے بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی۔سعودی ولی عہد نے عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہونے کی وزیراعظم عمران خان کی درخواست مان لی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی امیگریشن اب پاکستان میں ہی ہو گی۔ کراچی میں 29ہزار عازمین حج کی امیگریشن ہو گی جب کہ اسلام آباد اور لاہورسے متعلق بات چیت چل رہی ہے۔