اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ پر پنجاب حکومت جلد از جلد ردعمل دے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے بعد نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کا افتتاح ہوگا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ساہیوال واقعہ کی بلا تفریق تحقیقات ہونی چاہئے۔ بلا جواز فائرنگ زیادتی والی بات ہے۔ پنجاب حکومت اس حوالے سے جلد از جلد اپنا ردعمل دے۔ قوم کی توقع کے مطابق انصاف ملنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ فوجی عدالتوں کو توسیع ملنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نیا پاکستان منصوبے پر وزارت ہائوسنگ کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم دورہ قطر کے بعد نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کے اپنے بہت سے مسائل ہیں، حکومت ان کے مطالبات کو تسلیم کرے یا پھر ان کو عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ سانحہ ساہیوال کے واقعہ پر غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔