اسلام آباد(ویب ڈیسک ) شہباز شریف کے بعد نیب کی زیر حراست خواجہ سعد رفیق کو بھی پبلک اکاونٹس کمیٹی کا رکن بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد وہ با آسانی پروڈکشن آرڈر حاصل کر کے کمیٹی میں شرکت کر سکیں گے ، اس سے پہلے شہباز شریف بھی ہر ہفتے پروڈکشن آرڈر کی سہولتکو استعمال کرتے ہوئے جیل سے باہر آتے ہیں اور کمیٹی کا حصہ بنتے ہیں ، واضح رہے کہ تحریک انصاف نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو حکومت کی جانب سے پبلک ا کاونٹس کمیٹی کے حکومتی رکن کیلئے نامزد کردیا ہے ،شیخ رشید خود بھی وزیر اعظم سے پی اے سی کا رکن بننے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔دنیا نیوز کے مطابق شیخ رشید کی نامزدگی کیلئے نام سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا گیا، شیخ رشید احمد خود بھی وزیر اعظم عمران خان سے پی اے سی کا رکن بننے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ کرپشن الزامات میں ملوث شخص اس کمیٹی کا سربراہ نہیں بن سکتااور شہبازشریف کی تعیناتی کو غیر آئینی قراردیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے موجودہ اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے پیغام اچھا نہیں گیا ، شہباز شریف کو یہ عہدہ دینا بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھادینا ہے ۔