اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کو کالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن میں اس کو رکنے نہیں دوں گا ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم کوکالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن میں اس کو رکنے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کی بروقت تکمیل کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس ڈیم پر بڑی ڈرامے بازی ہورہی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ واپڈا کی جانب سے مہمند ڈیم کے حوالے سے کام کا آغاز شروع کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ بھاشا ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کی تاریخ کافیصلہ چیف جسٹس، آرمی چیف اور وزیراعظم کی شمولیت کے پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے قبل ازیں کراچی میں رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کے معاملے میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رینجرز کو شرمندہ کرنے کے مترادف ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ کراچی میں امن و اماں برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کے اختیارات میں بلاتاخیر توسیع کی جانی چاہیے۔ کراچی میں ایک اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا تھا کہ کراچی میں آپریشن جاری رہے گا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ رینجرز نے کراچی میں بڑی حد تک امن تو بحال کر دیا ہے لیکن یہ عارضی ہے کیونکہ پراسیکیوشن ان کے ساتھ نہیں ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ پراسیکیوشن یا تو ثبوت فراہم ہی نہیں کرتے یا مٹا دیتے ہیں جس سے ملزماں عدالتوں سے بری ہو جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رینجرز ’کرپشن اور کرمنل‘ کےخلاف کارروائیاں کرتے ہیں جس میں سیاسی شخصیات اور سیاسی پارٹیاں ملوث ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں گٹھ جوڑ کر کے رینجر کے افسروں اور جوانوں کے حوصلے پست کر رہے ہیں اور ان کو شرمندہ بھی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب کرپشن کا پیسہ شدت پسندی کے خلاف استعمال ہونے لگے تو رینجرز کو کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ نوے فیصد شدت پسندی یا دہشت گردی میں کرپشن کے پیسے سے ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دوسرے جرائم کرپشن کے پیسے سے ہو رہے ہیں اور اس میں سب ہی سیاسی جماعتیں کسی نہ کسی طرح ملوث ہیں۔ حالیہ انتخابات میں تحریک انصاف کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت مقبولیت کے لحاظ سے تو بہت آگے ہے لیکن تنظیمی لحاظ سے ابھی اتنی موثر نہیں ہے۔