پہلے ہی سال میں اربوں کے معاہدے، وزیراعظم نے تین تین باریاں لینے والوں پر اپنی برتری ثابت کردی ہے، چوہدری سلیم بوڑا
پیرس (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما چوہدری سلیم بوڑا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گذشتہ سال اگست میں بنی لیکن اتنے کم عرصہ میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کا امیج بدل کر رکھ دیا۔عمران خان نے دوبئی میں ورلڈ گونمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کو پاکستان کا ایک نیا چہرہ دکھایا جس کا وعدہ انہوں نے اقتدار میں آنے سے قبل کیا تھا۔پاکستان کو گذشتہ 20سالوں میں دہشت گردی کی وجہ سے شدید معاشی بحران سے گزرنا پڑا۔ لیکن وزیراعظم پر تنقید کرنے والوں اور روزانہ پارلیمنٹ گرائے جانے کی تاریخیں دینے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ تین تین باریاں لے کر بھی جولوگ ایک چائینہ کی سرمایہ کاری لائے اس سے زیادہ تو پہلے سال میں وزیراعظم لاچکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے معاشی ماہرین کی طرح تحریک انصاف کا کارکن ہونے کے ناطے ہمیں بھی یقین ہے کہ عمران خان سرمایہ کاروں اور سیاحت کو پاکستان لانے کے لیے وہاں سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور تمام ترقی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ پاکستان جوکہ عسکریت پسندی، بدعنوانی اور دہشت گردی کے لئے جانا جاتا تھا، اب عمران خان کی قیادت میں جدید ترقی کی طرح جا رہا ہے۔ پاکستان کو دہائیوں سے ایک ایسے لیڈر کی تلاش تھی جو کہ پاکستان کو خود سے زیادہ چاہے اورعمران خان کروڑوں پاکستانیوں کی نظر میں وہی لیڈر ہیں۔