اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف ان چیمبر اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے شوکت عزیز صدیقی کی اپیل پر رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف درخواست کی ان چیمبر سماعت کی۔ عدالت نے سماعت کے بعد رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے شوکت عزیز صدیقی کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔ 11 اکتوبر 2018 کو ججز کےخلاف شکایات کی سماعت کرنے والی سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے برطرفی اور سپریم جوڈیشل کونسل کی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم رجسٹرار سپریم کورٹ نے ان کی درخواست پر اعتراضات عائد کئے تھے۔ شوکت عزیز صدیقی نے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ واضح رہے کہ شوکت عزیز صدیقی نے عدلیہ میں آئی ایس آئی کی مداخلت کے الزامات لگائے تھے۔ جبکہ واضح رہے کہ شوکت عزیز صدیقی اس وقت بلکل خاموش ہیں ان کی جانب سے کوئی بیان بھی جاری نہیں کیا جارہا۔