شارجہ: لاہور قلندرز نے گزشتہ شب سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کر دیا ہے جس کا کریڈٹ اے بی ڈویلیئرز اور فخر زمان کی شاندار کارکردگی کو جاتا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ روز شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی ایسی شاٹس کھیلیں کہ سٹیڈیم میں بیٹھے شائقین کرکٹ دنگ رہ گئے اور یہاں تک کہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ پائے ۔اے بی ڈویلیئز کی جانب سے میچ کے آخری مراحل میں پیچھے سلپ کی جانب گھوم کو چھکا لگایا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے اور اس شاندا ر چھکے پر بھی علی ترین نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ تو بہت ہی شاندار تھا۔“ یاد رہے کہ اس سے قبل شہبازشریف کی جانب سے لاہور قلندرز کو بہترین کارکردگی اور اچھی کامیابی پر مبارک با ددی گئی تھی ۔تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 4 کے 10 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 200 رنز بنا ڈالے۔لاہور قلندرز نے 201 رنز کا ہدف 20ویں اوور کی آخری گیند پر پورا کیا، ڈیوڈ ویز اور ابراہم ڈی ویلیئرز کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 98 رنز کی شراکت ہوئی، دونوں نے آخری 5اوورز میں 73 رنز جوڑے۔لاہور قلندرز کے کپتان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 اور ڈیوڈ ویز نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 5 چھکے لگائے۔اس سے قبل فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی، انہوں نے 35 گیندوں پر 63 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، سہیل اختر 10، سلمان بٹ 17 اور آغا سلمان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، برینڈن ٹیلر انجری کے سبب ایک رن پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان نے 39 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد الیاس کو 44 رنز کے بدلے ایک وکٹ ملی۔لاہور قلندرز کے کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔