counter easy hit

اسلام آباد کچہری پارکنگ میں فائرنگ کرنے والے 15 ملزمان گرفتار

اسلام آباد کچہری پارکنگ میں فائرنگ کرنے والے 15 ملزمان گرفتار

راولپنڈی: (اصغر علی مبارک) اسلام آباد ایف ایٹ کچہری پارکنگ۔ فائرنگ کرنے والے 15 ملزمان گرفتار، ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سیکٹر ایف ایٹ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے معاملے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کر کے 8 گاڑیاں اور اسلحہ و ایمونیشن بر آمد کر لیا، ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، ہفتہ کو تھانہ مارگلہ کے علاقے ایف ایٹ کچہری میں ایک کیس کی سماعت پر آنے والے دو گروپوں کے افراد نے پارکنگ ایریا میں فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جس پر انسپکٹر جنرل پولیس نے واقعہ کا فوری نوٹس لیا، ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی ہدایت پر ایس پی ملک نعیم اقبال کی زیر نگرانی اے ایس پی مارگلہ میڈم عائشہ گل، ایس ایچ او تھانہ مارگلہ عبدالجبار خان، سب انسپکٹر محمد اسحاق، اے ایس آئی آغا یاسر ثناء اللہ اے ایس آئی و دیگر پولیس ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے زیر استعمال 8 گاڑیاں بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر تھانہ مارگلہ منتقل کی، گاڑیوں اور ملزمان سے بھاری اسلحہ و ایمونیشن برآمد ہوا، پولیس نے مجموعی طور پر 15 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں محمد ثاقب، محمد ناصر، محمدعاطف، مسعود خالد، کاشف حیات، محمد افضل فاروقی، اعظم خان، ساجد مختار، محمد سجاد، عمران خان، محمد ناہید، ظفیر الحق، محمد خالد، محمد زعفران اور عدنان طارق شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ اور گاڑیوں سے 1 عدد بارہ بور رپیٹر گن بمعہ 76 کارتوس دو عدد پاوچ، 3 عدد ایس ایم جی گن بمعہ 4 میگزین 116 گولیاں، 1 عدد رائفل گن 222 اور 1 عدد 223 چار میگزین 122 گولیاں ،پسٹل تیس بور 4عدد بمعہ تین میگزین 40 گولیاں ایک عدد گاترہ اور 2 عدد 9 ایم ایم پسٹل شامل ہیں۔ ایس پی ملک نعیم اقبال نے واقعہ کی تفصیلات سے فوری طور پر آئی جی محمد عامر ذو الفقار خان اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو آگاہ کیا اور بتایا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایس پی ملک نعیم اقبال نے ایف ایٹ کچہری ناکہ پر مامور عملہ کو فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی۔ آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس کی بروقت کارروائی پر ایس پی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا