لاہور: لاہور کے حلقہ پی پی 168 سے منتخب تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد علی کھوکھر کو وزیراعلیٰ انسپکشن سیل کا چیرمین مقرر کر دیا گیا، انکی اس اہم عہدہ پر تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے ملک اسد علی کھوکھر کی بطور چیرمین وزیراعلیٰ انسپکشن سیل تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ چیرمین انسپکشن سیل عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام محکموں کے افسران و سربراہان سے رابطہ کرنے کے مجاز ہونگے اور وزیراعلیٰ سیل میں آنے والی تمام شکایات کے ازالے کے لیے ہدایات جاری کر سکیں گے۔ملک اسد علی کھوکھر جلد 5 کلب روڈ پر واقع وزیراعلیٰ سیکرٹیریٹ میں اپنے دفتر میں بیٹھ کر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کام کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 171 رانا جاوید عمر نے ملک اسد علی کھوکھر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یونین کونسل چوہنگ کے چیئرمین ملک مبشر گوگا بھی موجود تھے۔ رانا جاوید عمر اور ملک مبشر گوگا نے اسد علی کھوکھر کو وزیراعلیٰ انسپکشن سیل کا چیئرمین بننے پر مبارکباد پیش کی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے حلقے کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل اور حلقہ این اے 136 اور پی پی 171 میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو متحرک کرنے اور رکنیت سازی کے حوالے سے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔