سیالکوٹ 3 مارچ بھارت کی جیل میں قیدیوں کے تشدد سے جابحق ہونے والے پاکستانی شہری شاکر اللہ کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی گاؤں جیسروالہ جو کہ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، شہید شاکر اللہ کی میت گذشتہ روز واہگہ بارڈ پر پاکستانی حکام نے وصول کی، 47 سالہ شاکر اللہ کا تعلق سیالکوٹ کے تحصیل ڈسکہ کے نواحی گاؤں جیسروالہ سے تھا جو غلطی سے 16 سال قبل سرحد عبور کرگیا تھا اور جے پور جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔
سیالکوٹ: (اصغر علی مبارک) شہید شاکر اللہ کی میت پورے اعزاز کے ساتھ بذریعہ ایمبولینس ریسکیو 1122 جیسروالہ لائی گئی اہلیان علاقہ نے شاکر اللہ شہید کی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی، جنازہ کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد اور پاکستان فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے ماحول میں جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ شاکر اللہ شہید کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر ماحولیات پنجاب محمد رضوان باؤ، ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی، ڈی سی سیالکوٹ سید بلال حیدر، ڈی پی او امیر عبداللہ نیازی، صدر پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب عمر ڈار، وائس چیئرمین سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب سوشل علی اسجد ملہی، ایم این اے سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ، ایم پی ایزنوید اشرف، میاں ذیشان، پی ٹی آئی رہنما چودھری غلام عباس، بریگیڈئر (ر) محمد اسلم گھمن، ممتاز چیمہ، ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ عابد نور بھٹی، اے ڈی سی جنرل منور حسین لنگڑیال، اے سی ڈسکہ وقار اکبر چیمہ، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کور کمیٹی اصغر علی چیمہ، محمد ایوب اوپل، علامہ ایوب خان اور ڈی آئی او شہزاد احمد کے علاوہ مختلف مکاتب فکر، مسالک اور سیاستی جماعتوں کے قائدین اور سرکردہ رہنماؤں سمیت عوام کے جم غفیر نے جنازہ میں شرکت کی۔ شہید شاکر اللہ کا جنازہ علاقہ کی تاریخ میں سب سے بڑا جنازہ قرار دیا جارہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات محمد رضوان، صدر پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب عمر ڈار، سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ اور چودھری غلام عباس نے میڈیا کے نمائندگان سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے قیدی کو عزت و احترام کے ساتھ وآپس کیا گیا لیکن بھارت کی جانب سے نہتے اور بے گناہ قیدی شاکر اللہ کو جیل میں قیدیوں کے ہاتھوں تشدد کر کے شہید کر دیا گیا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے مثبت اقدام کا جواب منفی انداز میں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی علاقہ میں تسلط کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی پاکستان بھارت کی ہر قسم کے جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بھارتی جنگی جہازوں کو مار گرانا اور پائلٹ کی گرفتاری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عمر ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان شاکر اللہ کی شہادت کا معاملہ عالمی برداری تک لیکر جائے گا اور اس کی عالمی سطح پر تحقیقات کروائی جائیں گی۔