اسلام آباد: جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی ختم کرانے اور استحکام کے لئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے اہم پیش رفت ہوئی ہے،ولی عہد ابوظہبی اور عرب امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم عمران خان اور نریندرمودی سے رابطے کرکے انہیں بات چیت شروع کرنے کےلئے کہا ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کا ماحول پیدا کیا جاسکے، شیخ محمد کا یہ پیغام اردو،ہندی اور انگریزی میں وائرل ہوا ہے جس میں دونوں ملکوں سے کہا گیا کہ وہ فہم و فراست اور تدبر سے صورتحال کو بہتر بنائیں، سوشل میڈیا پر ولی عہد شیخ محمد کی پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کی کوششوں کی بڑے پیمانے پذیرائی ہورہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ولی عہد شیخ محمد نے دونوں وزرائے اعظم پر زور دیا کہ وہ کشیدگی ختم کرنے پر توجہ دیں، انہوں نے لائن آف کنٹرول پر پیدا شدہ کشیدہ صورتحال پر اظہار تشویش کیا۔متحدہ عرب امارات کی قیادت کا کہنا ہے کہ دونوں متحارب فریقین مذاکرات شروع کرنے کو ترجیح دیں، ابوظہبی کے ولی عہد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، عرب امارات کی قیادت کی طرف سے دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے ساتھ تازہ رابطے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے فیصلے کے بعد ہوئے، شیخ محمد نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان اور بھارت کے مابین بات چیت بہت ضروری ہے۔دوسری جانب ایک نجی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے بات کرنے کو بھی تیار نہیں ہے، الیکشن کے دنوں میں پاکستان سے کشیدہ صورتحال بھارت کی سیاسی ضرورت ہے، بھارت کی کوشش رہی ہے کہ تنازع کشمیر میں تیسرا فریق نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ تنظیموں پر بھارت کو اعتراض ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بعض قوانین پر پاکستان کو اعتراض ہے۔ بھارت سے ملنے والے ڈوزیئر کی جانچ کی جارہی ہے، پھر جواب دینگے، پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے بات چیت ضروری ہے