اسلام آباد(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مراد سعید کے بچگانہ الزامات کا جواب عدالت میں دیا جائیگا، مراد سعید میں در اصل عمران خان بول رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی مراد سعید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے سی پیک کو دل سے قبول نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تمام منصوبے پاکستان اور چین کی مشترکہ نگرانی میں جاری ہیں، سی پیک منصوبوں کی شفافیت کو دونوں ممالک نے یقینی بنایا ہے، مراد سعید سی پیک دشمن لابی کاآلہ کار بنے ہوئے ہیں۔احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ ملتان۔سکھر منصوبے کی منظوری ایکنک نے دی، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اس میں شامل تھی وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ انہیں احسن اقبال کی جانب سے بھیجا جانے والا ہتک عزت کا نوٹس موصول نہیں ہوا، وہ احسن اقبال کو سپریم کورٹ لے جانے کیلیے تیار ہیں۔ ہتک عزت کے نوٹس کے معاملے پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے نام پیغام جاری کردیا۔مراد سعید نے کہا ’احسن اقبال آپ مجھے عدالتی نوٹس بھیجنا بھول گئے، میں نے آپ سے کہا تھا کہ میں آپ کو بھولنے نہیں دوں گا قوم کے سامنے پوچھنا چاہتا ہوں کہ سپریم کورٹ چلیں‘۔مراد سعید نے کہا کہ احسن اقبال نے ان کے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔ ’ میں نے آپ سے جاوید صادق کے کردار کا پوچھا تھا،آپ وزارت مواصلات کے دستاویز پر دستخط کیسے کرسکتے ہیں؟ جس منصوبے کی بولی 2015 میں ہوناتھی 2013 میں اس کا ایم او یو کیسے کر سکتے ہیں، آپ کی وجہ سے خزانے کو 50 ارب سے زائد کا نقصان ہوا‘۔خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ملتان سے سکھر موٹر وے منصوبے میں رشوت کے الزامات پر اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ کے توسط سے ہتک عزت کے قانون کے تحت مراد سعید کو نوٹس بھجوایاتھا۔