لاہور: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کل نیب لاہور بیورو کا دورہ کریں گے جہاں وہ حمزہ شہباز کے مبینہ الزامات اور نیب تحقیقات پر اثر انداز ہونے کا جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اپنے دورے کے دوران نیب لاہور بیورو میں جاری انکوائریز، انویسٹی گیشنز خصوصاً میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ چیئرمین نیب شریف خاندان کے مقدمات کے بارے میں حمزہ شہباز کے مبینہ الزامات اور ان کے نیب تحقیقات پر اثر انداز ہونے کا بھی جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر شریف فیملی کی شریف خاندان کی خواتین کو نیب میں پیشی کی بجائے تفصیلی سوالنامہ بھجوانے پر بھی غور کیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ روز حمزہ شہباز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیم شہزاد نے انہیں کیسز ختم کرانے کے لیے حکومت سے ڈیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ حمزہ شہباز شریف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلیم شہزاد نے اسمبلی سے اپنی جعلی ڈگری کا معاملہ ختم کروانے کے بدلے کارروائی میں نرمی کی بھی پیشکش کی تھی۔