کراچی: شہر قائد سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آندھی اور مٹی کے طوفان کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ سندھ بھر کے ساحلی علاقوں میں آندھی اور تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ہے۔ فضا میں دھول مٹی کی مقدار معمول سے کئی گنا بڑھ گئی ہے اور حد نگاہ کم ہوگئی ہے۔ گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئی ہیں جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔کراچی میں پیپلز چورنگی کے قریب درخت گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب تیز ہوائوں کے باعث بجلی کی تار چلتی گاڑی پر گری جس سے فوری آگ بھڑک اٹھی اور اس میں سوار افراد جھلس کر زخمی گئے۔ مذکورہ افراد اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ ٹیپو سلطان سگنل کے قریب اسکول کی چھت گرنے سے 5 بچے زخمی ہوگئے۔