لاہور(ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اہم سرکاری عمارت شاستری بھون کے چھ ویں فلورپرموجود کئی وزرا کے دفاتر میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی ۔آگ لگنے سے اہم سرکاری دستاویزات جل کر راکھ ہو گئیں۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جب کہ فوری طور پر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے آگ کو سوچی سمجھی سازش قرار دیا اور کہا کہ نریندر مودی اہم فائلوں کو جلانے سے وہ محفوظ نہیں رہ سکیں گے، مودی کا یوم حساب اب قریب آرہا ہے۔شاستری بھون کے جس فلور پر آگ لگی وہاں پر بھارتی وزیر قانون، وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر برائے کارپوریٹ امور، وزیر کیمیکل اور پیٹرو کیمیکل اور وزیر ہیومن ریسورسز کے دفاتر تھے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے آناً فاناً پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔بھارت سے دوسری خبر یہ ہے کہ بھارت کے ارب پتی اور معروف کاروباری شخص 47 سالہ نیس واڈیا کو جاپان کی مقامی عدالت نے 25 گرام منشیات رکھنے کے جرم میں 2 سال قید کی سزا سنادی۔نیس واڈیا کا شمار بھارت کے امیر افراد میں ہوتا ہے ان کے والد کے اثاثوں کی ملکیت 12 کھرب روپے سے زائد ہے۔ان کا خاندان 283 سال پرانے کاروباری ’واڈیا گروپ‘ کا وارث ہے، جس نے ماضی میں برٹش انڈیا کمپنی کے ساتھ مل کر بھی کام کیا۔نیس واڈیا اپنے آباؤئ و اجداد کے کاروباری گروپ کے متعدد اداروں کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور وہ انڈین پریمیئر لیگ (ا?ئی پی ایل) کی کرکٹ ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک بھی ہیں۔اس کرکٹ ٹیم کی دوسری شریک مالک اداکارہ پریٹی زنٹا ہیں، جنہوں نے نیس واڈیا پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام بھی لگایا تھا۔نیس واڈیا اور پریٹی زنٹا بہترین دوست بھی تھے اور دونوں کے کئی سال سے اچھے تعلقات تھے، تاہم بعد ازاں پریٹی زنٹا نے ان پر جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔