بلدیاتی نظام جمہوریت کی روح، پی ٹی آئی پاکستان کی پہلی جماعت جو پہلے سال میں اس نظام کو درست خطوط پر استوارکررہی ہے، چوہدری اکرام رانجھا
پیرس (نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی فرانس کے مرکزی راہنما چوہدری اکرام رانجھانے پیرس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی نیک نیتی سب پر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ بنیادی جمہوریتوں کے نظام یعنی بلدیاتی نظام کو اس کی روح کے مطابق پہلی دفعہ کسی حکومت کے پہلے سال میں صحیح خطوط پر استوار کر کے اختیارات تقسیم کیے جارہے ہیں۔ اس سے ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ بد عنوان مافیاکسی خوش فہمی میں مبتلا نہ ہو انکا احتسا ب ضرور ہوگا، اس معاملے پر حکومت اپنا کام پورا کریگی کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام مشکل حالا ت میں بھی حکومت کے سا تھ کھڑی ہے، حکومت مشکلات کے باوجود اپنے منشور پر عملدرآمد کیلئے دن رات کوشاں ہے۔انکا کہنا تھا کہ اقتدار کی باریاں لینے والی (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو اپنا سیاسی مستقبل دفن ہوتا ہوا نظر آرہا ہے
انہوں نے مزید کہاکہ نئے بلدیاتی نظام میں عوام کا پیسہ عوامی امنگوں کے مطابق ہی خرچ ہو گا، پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے، نئے بلدیاتی نظام میں صوبائی بجٹ کا 33فیصد بلدیاتی اداروں کو منتقلی سے گلی محلہ تک ترقیاتی کام ہونگے، عوام دوست بلدیاتی نظام سے حقیقی معنوں میں تبدیلی آئیگی۔