پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت کے منصوبے بے نظیر انکم سپورٹ اور روٹی کپڑ اورمکان آج بھی مشعل راہ ہیں ، حکومت نام بدل کر نعرہ وہی لگا رہی ہے، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی یورپ کے مرکزی راہنما قاری فاروق احمد فاروقی نے پیرس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت کے منصوبے بے نظیر انکم سپورٹ اور روٹی کپڑ اورمکان آج بھی مشعل راہ ہیں ، حکومت نام بدل کر نعرہ وہی لگا رہی ہے۔اگروزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو عظیم لیڈر کہتے ہیں تو ان کے نقش قدم پر ضرور چلیں مگر ان کےسیاسی وارثوں اور ان کے نظریے کو اب تک زندہ رکھنے والوں سے انتقام نہ لیں ۔ بلکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے یکساں اور سب کے احتساب کو یقینی بنائیں۔ مگر اس مقصد کیلئے وزیراعظم کواپنے دائیں بائیں بھی دیکھنا پڑیگا اور احتساب گھر سے شروع کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہاتھا کہ ملک کو مدینے جیسی ریاست میں تبدیل کریں گے لیکن گذشتہ نوماہ میں اس ریاست میں مہنگائی کے بے قا بو جن پر قابو پا یانہیں جا سکا ہے عوام سوچ رہے تھے کہ ہمیں رمضان المبارک کے مہینے میں ریلیف ملے گا لیکن رمضان المبارک کی آمد سے قبل پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیا ہے۔
موجودہ ملکی صورتحال عجیب ہوچکی ہے وزیرخزانہ کے پاس ملک کومعاشی بحران سے نکالنے کا کوئی فارمولانہیں ہے عوام کومہنگائی کی چکی میں پیس کررکھ دیا گیاہے۔