اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 14 مئی کو طلب کر لیا، اجلاس میں قید پاکستانیوں کی معاونت کیلئے قونصلر پالیسی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی جبکہ ماہانہ مہنگائی کی شرح پر بھی بریفنگ دی جائےگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 14 مئی کو ہوگا، اجلاس میں ملک کے موجودہ تعلیمی نظام میں بہتری پر بریفنگ دی جائے گی۔ کابینہ کو اشیا ضرور یہ کی قیمتوں سے متعلق اور ماہانہ مہنگائی کی شرح پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں قید پاکستانیوں کی معاونت کیلئے قونصلر پالیسی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی جبکہ کراچی اور کوئٹہ میں خصوصی عدالتوں میں ججز تعیناتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔نارکوٹکس کنٹرول چین سے عطیہ سامان پر استثنیٰ کی سمری اور پی آئی اے کے آر پی ٹی، چارٹر، ایریل ورک لائسنس کی تجدید کی سمری بھی کابینہ میں پیش کی جائے گی جبکہ این ایس پی پی اور مصر کے مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ایم او یو کی منظوری دی جائے گی۔
یاد رہے 7 مئی کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے ایک بار پھر کرپشن کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو مزید اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا تھا تاہم اس سلسلے میں وفاقی وزرا کو مزید با اختیار بنانے کے لیے اہم فیصلے چند روزمیں کیے جائیں گے