قومی اسمبلی میں سلیکٹڈ وزیراعظم سے حساب مانگنا جرم بن گیااور نیب گردی شروع، عوامی سیاست پیپلز پارٹی کا سب سے بڑا جرم، محمد رمضان مرزا ایڈووکیٹ
گوجرخان( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی گوجرخان سٹی کے جنرل سیکرٹری محمد رمضان مرزا ایڈووکیٹ نے نیب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طلبی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب جب سلیکٹڈ وزیراعظم سے حساب مانگتے ہیں چیئرمین بلاول نیب بلوائے جاتے ہیں۔جمہوریت ہے یا آمریت ، عوامی سیاست کرنا اس ملک میں سب سے بڑا جرم ہے۔ پی ٹی آئی کی نا اہل حکومت اور اس کی کابینہ اگر آئی ایم ایف سے قرضہ ملنے پر اتنا خوش ہورہے ہیں تو اس قرضہ کی شرائط اور واپسی سے متعلق عوام پر جو بوجھ ڈالا گیا ہے اس کا ذکر کیوں نہیں کررہے ہیں کہ اب ہر پاکستانی کتنے لاکھ کا مقروض ہوگیا ہے ۔
اگر قرضہ لے کر ملک کو چلانے سے خوشحالی ملتی ہے تو اس سے پہلے والی حکومتوں اور پی ٹی آئی کی حکومت میں کیا فرق رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاید عمران نیازی کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد تبدیلی اور ترقی کہیں چھپ گئی ہے جو سمجھ رہے تھے کہ ماہر معاشیات ، ماہر ترقی اور ماہر تبدیلی کی ایسی ٹیمیں عمران نیازی کی صفوں میں شامل ہے جو پاکستان کو تین چار نہیں بلکہ 9مہینے میں ترقی کی سیڑھی پر لاکھڑا کر دے گا مگر یہ بھی شکر ہے کہ قوم کو سمجھ آگیا کہ 9مہینے میں صرف قابل اشخاص کا تعین کرنا بھی پی ٹی آئی کیلئے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوا ۔