گجرات: آپ نے ہزاروں مہنگی شادیاں دیکھی اورسُنی ہوں گی مگر بھارتی ریاست گجرات میں ایک ایسی شادی ہوئی ہے جس کا سن کر ہر کوئی دنگ رہ جائے گا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں 27 سالہ لڑکے اجے بروت کی شاندار شادی ہوئی جس میں 800 مہمانوں کو مدعو کیاگیا تھا، شادی سے پہلے تمام رسمیں مہندی، سنگیت اور مقامی شہنائیوں پر رقص بھی کیا گیا، دولہا 200 مہمانوں کی موجودگی میں گھوڑی پر بھی بیٹھا ۔اجے بروت کے والد وشنو بروت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے بیٹے کو ایک بیماری لاحق ہے جس کا نام لرننگ ڈس ایبلیٹی ہے۔ جس کی وجہ سے اُنہیں اُن کے بیٹے کے لیے کوئی دلہن نہیں مل رہی، اجےکے والد نے بتایا کے اجے کو شادی کا بہت شوق تھا اور اپنے ایک کزن کی طرح شاندار شادی کرنا چاہتا تھا ، جس کے لیے میں نے گھر کے سبھی افراد سے بات کی اور یہ فیصلہ لیا کہ ہم اجے بروت کی شاہانہ شادی کریں گے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اجے بروت نے اپنی والدہ کو بچپن میں ہی کھو دیا تھا ، اجےخاندان میں ہونے والی ہر شادی سے بہت لطف اندوز ہوتا تھا اور پوچھتا تھا کہ میری شادی کب ہو گی، ہمارے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں تھا کیوں کہ یہ ایک نا ممکن سی بات تھی، ہم اجے کے لیے اس کا میچ کہاں سے تلاش کرتے۔اجے بروت کے چچا نے بتایا کہ اجے نے آج تک گاؤں اور خاندان کی کوئی شادی نہیں چھوڑی ، اجے کو گیت اور ڈانس کا بہت شوق ہے، رواں سال فروری میں ہونے والی میرے بیٹے کی شادی کے بعد اجے اپنی شادی کا پوچھتا رہتا تھا، پھر میرے بھائی اجے کے والد کے ذہن میں آیا کہ کیوں نہ اجے کی شادی کی جائے جس کے بعد ہم نے ایک نارمل شادی کی طرح رشتے داروں اور جاننے والوں کو اجے کی شادی کے پیغام بھجوائے، یہ ایک بالکل نارمل شادی تھی بینڈ، باجا، بارات سب تھا بس دلہن کی کمی تھی۔
اجے بروت کی چھوٹی بہن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں خوش ہوں میرے بھائی کو اتنا اچھا خاندان ملا ہے، ہم سبھی اپنے بھائی کے لیے بہت خوش ہیں، ہمارا کسی کو بھی دُکھ پہنچانا مقصد نہیں تھا ہم بس اپنے بھائی کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں اور اجے ہم سب کا ہی بہت لاڈلہ ہے۔‘واضح رہے کے اس شادی کے بارے میں جاننے کے بعد سبھی بہت خوش ہیں اور بھارتی سیاست دانوں سمیت عام لوگ بھی اجے بروت کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں اور بروت خاندان کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔