مالیاتی بحران کی جڑ کرنسی سمگلنگ اورذخیرہ اندوزی ، حکومت نے بیماری کی زبردست تشخیص کرلی اب سرجری ہوگی، چوہدری اشفاق احمد جٹ
پیرس (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف فرانس کے مرکزی راہنما چوہدری اشفاق احمد جٹ نے پیرس میں اوورسیز نیوز نیٹ ورک سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالیاتی بحران کی جڑ کرنسی سمگلنگ اورذخیرہ اندوزی جیسے سنگین حربے ہیں جو دھائیوں سے جاری ہیں ، حکومت نے ایمرجنسی میں سمجھوتہ کرنے کے بجائے بیماری کی زبردست تشخیص پر توجہ دی اور بالآخر اس کی جڑ تک پہنچ چکی ہے انشااللہ جو معاشی پالیسی آرہی ہے اور ان سنگین روائتوں کو توڑنے کیلئے ملک گیر منافع خوروں کے خلاف اوربین الاقوامی مافیاز جو پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں ان کے خلاف سرجری ہوگی ۔
چوہدری اشفاق احمد جٹ نے کہا ہے کہ ٹھگوں کے ٹولے کی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ،ماضی میں ہر حکومت نے ان مافیاز کے سامنے سرنگوں کیے رکھا اور کبھی قومی سوچ اپناتے ہوئے ان کو بے نقاب نہیں کیا اور ان مافیاز نے اپنا مقصد حاصل کرنے کیلئے ان ناعاقبت اندیش سیاستدانوں کو آگے لگائے رکھا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔
موجودہ مشکلات عارضی ہیں اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محرومیاں دور کرنے کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور انشا اللہ آئند ہ بجٹ میں عوام پر بھی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ انہیں ریلیف دینے کے لئے سبسڈی کی مد میں رقم مختص کے جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کو دیکھتے ہوئے کرپٹ نظام کا خاتمہ ہونے جارہا ہے جس وجہ سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اس لئے حکومت کے خلاف سازشیں شروع کر دی گئی ہیں لیکن یہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ اپوزیشن شوق سے سڑکوں پر آئے عوام ان سے ان کی لوٹ مار اور کرپشن کا حساب لینے کیلئے بے چین ہیں