دہشتگردی اورمعصوم ببچیوں کیساتھ بڑھتے زیادتی کے واقعات، حکومت نااہلی کی تصویر بنے سورہی ہے، میاں محمد حنیف
پیرس(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے چیف آرگنائزر میاں محمد حنیف نے کہا ہے کہ بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ انتہائی افسوسناک ہے،بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانا بزدلی کے مترادف ہے،انھوں نے حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہر ہفتے کوئٹہ کے معصوم باشندے لہو میں نہا جاتے ہیں مگر سیکورٹی اداروں اورحکومت کی کوئی پلاننگ سامنے نہیں آرہی ۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو دہشتگردوں اور ان جنسی درندوں کے حوالے نہیں کر سکتے،
انہوں نے مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں نیشنل ایکشن پلان اور زیادتی کے واقعات پر حکومت کی طرف سے سخت پالیسی اوسنجیدگی کیساتھ قانون سازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئے روز کوئی معصوم بچی زیادتی کے بعد قتل ہوجاتی ہے اور حکومت نااہلی کی تصویر بنے اس پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ ہر ہفتے ہمارا ملک دوبارہ دہشتگردوں کا نشانہ بن رہا ہے مگر حکومت اور اس کی سنجیدگی کا یہ حال ہے کہ انہوں نے قومی سلامتی کا مشیر ہی ہٹا دیا ہے تاکہ نہ تو ان مسائل کی طرف توجہ ہو اور نہ ہی انہیں کچھ کرنا پڑے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ننھی فرشتہ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک ملزم کو سرعام پھانسی دے دی جائے تو پاکستان میں دوبارہ ایک بھی جنسی زیادتی کا کیس رپورٹ نہیں ہو گا،ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان بنایا جانا چاہیے.