اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کا دل غریب عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہم قانون سازی کے ذریعہ لاوارث بچوں کی کفالت اپنے ذمہ لے رہے ہیں۔
وہ اتوار کو ایس او ایس ویلج میں افطار ڈنر سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دکھی انسانیت سے رشتہ کو مضبوط کرنے کیلئے میں ایس او ایس ویلج میں بچوں کو عیدی دینے آئی ہوں ، انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کا قیام عمران خان کی غریب دوست وژن کی عکاسی ہے کہ وہ مختلف منصوبہ جات کو غریب عوام تک لے کر آ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایس او ویس ویلج کے بچے اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی اعلی خدمت کرنے جا رہے ہیں، ایس او ایس نے انہیں معاشی کفالت فراہم کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ان بچوں کی اخلاقی بہتر تربیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان بچوں کی کفالت کر کے سرپرستی فراہم کرتے رہیں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان کا دل غریب عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون سازی کے ذریعہ لاوارث بچوں کی کفالت اپنے ذمہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں ہونے والے واقعہ پر سیاست کرنا افسوسناک ہے، ہم بچوں پر سیاست نہیں کریں گے خواہ وہ ساہیوال میں ہوں، تھر میں ہوں یا کسی اور جگہ بلکہ ہم ان بچوں کی کفالت اپنے ذمہ لے کر ملک و قوم کی خوشحالی کی جنگ لڑیں گے۔