عید الفطر رمضان المبارک میں نفس پرقابو پانے کا انعام، مشق جاری رکھیں تاکہ انعامات کی برسات بھی جاری رہے، عید نفرتوں کو محبتوں میں بدلنے کا پیغام ہے، ملک انصر خان
پیرس(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے مرکزی راہنما ملک انصر خان نے عید الفطر کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الفطر رمضان المبارک میں نفس پرقابو پانے کا انعام، مشق جاری رکھیں تاکہ انعامات کی برسات بھی جاری رہے، عید نفرتوں کو محبتوں میں بدلنے کا پیغام ہے،
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے انتہا شکرو احسان ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کی سعادت نصیب فرمائی۔اس ماہ مبارک سے استفادہ کا بھر پور موقع عنایت فرمایا۔ہم نے اس ماہ میں خدا کے آگے سجدے کیے یعنی صرف اپنے جسمانی وجودہی کو اللہ رب العزت کے سامنے نہیں جھکایا بلکہ اپنی خواہشات کو اور زندگی کے جملہ معاملات کو بھی اللہ کے حکم کے مطابق ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔نتیجہ میں ہمیں اللہ کا قرب حاصل ہوااور اس کی رحمتیں اوربرکتیں ہم پر سائیہ فگن ہوئیں۔ہمیں یہ موقع بھی ملا کہ ہم اس ماہ مبارک کے آخری عشرے میں شب قدر تلاش کریں،اللہ کی مغفرت حاصل کریں،گناہوں سے توبہ کریں اور اپنے نامہ اعمال کو ایک بار پھر پاک و صاف کر لیں۔یہ تمام مواقع میسر آئے اور ہم نے اپنی استطاعت کی حد تک ان سے استفادہ بھی کیا۔لیکن اب جبکہ رمضان المبار ک ہم سے دور ہونے جا رہا ہے، اس کے بعد کی زندگی کیسی گزرے گی؟یہ ہمیں اور آپ کو آج ہی طے کر لینا چاہیے ۔یعنی اس ماہ رمضان المبارک کے بعد کی زندگی اور اس کے شب و روز کے اعمال کیا اور کیسے ہوں گے ؟وہی جو اس ماہ میں رہے یا ان تمام لمحات کو بھلاتے ہوئے ہم ایک بار پھر معصیت میں ملوث ہو جائیں گے؟یہ فیصلہ انفرادی طور پے بھی کرنا ہے اور ملت کو اجتماعی سطح پر بھی طے کر لینا چاہیے ۔