اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں دس ارب روپے جمع ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دیا میر بھاشا اورمہمند ڈیمز فنڈ میں اب تک ساڑھےدس ارب روپے جمع ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ ڈیم فنڈ میں اندرون ملک سے9 ارب اور بیرون ملک سے ڈیڑھ ارب روپے آئے۔بیرونی ممالک سے موصول ہونے والی رقوم میں سب سے آگے امریکہ میں بسنے والے پاکستانی ہیں جنہوں نے چھپن کروڑ روپے عطیہ کیے جبکہ برطانیہ میں پاکستانی برداری نے انتالیس کروڑ روپے ملک ارسال کیے۔ اسٹیٹ بینک کےاعداد و شمار کےمطابق ملک کے جن دس بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں نے اس فنڈ میں سب سے زیادہ رقوم جمع کروائیں۔ڈیم فنڈ میں رقم جمع کروانے کے حوالے سے سب سے آگے پنجاب حکومت کے صوبائی ملازمین ہیں جنہوں نے ایک ارب روپے، پاکستان فوج نےاٹھاون کروڑ روپے، بحریہ ٹاؤن کے ملازمین نے گیارہ کروڑ روپے اور پاکستان فضائیہ کے ملازمین نے دس کروڑ روپے دئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2 مئی کو وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔ آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ خیال رہے کہ ملک میں آبی مسائل اور آبی قلت کے پیش نظر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہی ڈیمز کی تعمیر کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کیا جس کا نام بعد میں ”چیف جسٹس وزیراعظم ڈیم فنڈ” رکھ دیا گیا تھا۔اس ڈیم فنڈ میں اندرون اور بیرون ملک سے پاکستانیوں نے اپنا اپنا حصہ ڈالا تھا۔ ڈیم فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے ایک بینک اکاؤنٹ بھی مختص کیا گیا تھا۔ اس بینک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (”DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018”) رکھا گیا اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ اس فنڈ کا نام بعد ازاں تبدیل کر کے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ رکھ دیا گیا تھا۔