جیل والا مرد حر ایوان صدر والے مرد حر سے کہیں زیادہ طاقتور ہے، گرفتاریاں اور پیشیاں عوام کش بجٹ سے توجہ ہٹانے کی گھنائونی چالیں ہیں، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے مرکزی راہنما قاری فاروق احمد فاروقی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کو یاد رہے جیل والا آصف علی زرداری ایوانِ صدر والے آصف علی زرداری سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ نیب مکمل طور پر صدر آصف علی زرداری کے خلاف کسی بھی قسم کا ثبوت فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے ۔ اور ظلم وستم کی انتہا یہ ہے کہ جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کی حربے وہی ہیں جو آج سے تیس سال پہلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے بچے جوان ہوگئے، محترمہ شہید ہوگئیں اور آصف علی زرداری ضعیف بھی ہورہاے ہیں مگر تنگ نظردشمن اور پاکستانی عوام کی دولت پر سانپ بن پر بیٹھی ہوئی بے رحم اسٹیبلشمنٹ اور اس کے مہروں کی وہی دشمنی ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ نسلیں گزر گئیں عدالتوں کے چکر کاٹتے ہوئے مگر مرد آہن ڈٹا ہے اور ڈٹا ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہر شعبے میں ناکام رہا ہے اور اب بجٹ میں غریبوں کی چیخیں نکلوانے جارہا ہے اس سے توجہ ہٹانے کیلئے گھنائونی چالوں کے سلسلہ وار دورانیے کا نیا کھیل شروع ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر تمام جیالے پرامن رہیں گے اور حکومت کی ہر سازش ناکام بنائی جائیگی۔