اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی و رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈرشہباز شریف پہلے ہی اسد عمر کو میثاق معیشت کی آفر کر چکے ہیں۔ہفتہ کو قومی اسمبلی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد میں شہباز شریف اور آصف زرداری نے حکومت کو میثاق معیشت کی آفر کی‘ اپوزیشن کی آفر کے جواب میں حکومت نے کہا یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ جب تک حکومتی رویے ٹھیک نہیں ہوں گے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے‘ ملکی مفاد کیلئے ہمیں جس حد تک جانا پڑا جائیں گے، ہر اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ بجٹ میں ترامیم کی سفارش کرے‘ حکومت کا کام ہوتا ہے اپوزیشن کی تجاویز پر غور کرے، حکومتی اراکین نے اتنی سخت باتیں کی ہیں ایسے کیسے بجٹ پاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سے ملاقات میں ملکی بہتری کیلئے کام کرنے پر اتفاق ہوا۔