لفظ سلیکٹڈ پر قومی اسمبلی کی رولنگ نے عالمی میڈیا کو بھی بتادیا کہ وزیراعظم سلیکٹڈ کون ہے، میاں محمد حنیف
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے چیف آرگنائزر میاں محمد حنیف نے عالمی میڈیامیں پاکستانی قومی اسمبلی میں لفظ سلیکٹڈ پر دی گئی رولنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نااہل اورناتجربہ کار حکومت نے اپنی ہی لٹیا ڈبو دی اور اب ملک کے بعد عالمی رائے عامہ کو بھی آگاہی حاصل ہوچکی ہے کہ پاکستانی وزیراعظم سلیکٹڈ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس قدر نااہل ہے کہ ذرا سی بھی تنقید برداشت نہیں کر سکتی تو وہ ان نقائص کو کیسے دور کریگی جو اس کے اندر موجود ہیں اور اس طرح ملک بہتری کی طرف جانے کے بجائے ان کی نااہلی کی وجہ سے مزید بد تری کی طر ف جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کارکردگی اخباری بیانات تک محدو د ہو کر رہ گئی ہے۔ ان کا اصل ایجنڈا عوام کو ریلیف فراہم کرنا نہیں کچھ اور ہے۔ حکومت کی ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جن کا عوامی فلاح و بہبود سے کوئی تعلق ہے اور نہ ملکی ترقی سے۔ لفظ ’’ سیلیکٹڈ‘‘ پر پابندی اس بات کی عکاسی ہے کہ موجودہ حکمران مکمل طور پر خواس باختہ ہوچکے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ملک و قوم پر کٹھن وقت ہے۔ کفایت شعاری کے دعویداروں نے بھی سرکاری پروٹوکول و دیگر اللوں تللوں پر قومی خزانے سے لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کردیئے ہیں جس حکومت میں ارکان اسمبلی کو بزنس کلاس کے مفت ٹکٹ دینے کا اعلان بجٹ میں کیا جائے وہاں قومی ائر لائن کی بہتری کا کوئی سوچ بھی کیسے سکتا ہے۔