المدثر ٹرسٹ ،خدمت کی روشنی سے منور الگ دنیا جومرجھائے ہوئے اداس چہروں پرآس اورتمنا کی روشنی پھیلا رہی ہے، اشفاق جٹ
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) صدر اوورسیز یونٹی فورم چوہدری اشفاق جٹ نے آج المدثر ٹرسٹ کے سی ای او جناب مدثر حسین شاہ صاحب سے ملاقات کی اور ان کی طرف سے جاری خدمت خلق کے عظیم منصوبے المدثر ٹرسٹ کی بھرپور تعریف کی۔
چوہدری اشفاق جٹ نے یس اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ المدثر ٹرسٹ سکولز اور ہسپتال اور کمیونٹی سنٹرز ایسی الگ سی دنیا ہے جہاں تمام معصوم چہروں پر جینے کی آس اور تمنا کی روشنی پھیلائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوت سماوت اورگویائی سے محروم بچوں کی آنکھیں دیکھیں تو ایسا لگتا ہے جیسے کچھ آنکھیں توہمیں دیکھ رہی ہیں اور دیکھ کر چمک سی اٹھی ہیں کہ شاید ہم ان کی مدد کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہی میری زندگی کاقیمتی احساس ہےجب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ خدمت کے اس سفر میں مدثر حسین شاہ صاحب کے ہم سفر بن جائیں یا پھر پیرس میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی مدد سے ان کے خدمت خلق کے عظیم کام اورمنصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں کردارادا کرسکوں۔ تاکہ مریضوں کو مفت علاج و معالجہ میں مدد مل سکے۔
چوہدری اشفاق جٹ نے تمام کمیونٹی سے اپیل کی کہ کمیونٹی کے صاحب ثروت افراد یا تو اپنے کاروبار بناتے ہیں یا پھر بڑے بڑے منصوبوں پرسرمایہ کاری کرتے ہیں مگر مدثر حسین شاہ صاحب کا جذبہ انتہائی قابل رشک ہے جنہوں نے ہمیں اپنے سچے جذبے سے ایک ایسی راہ دکھائی جو بخشش اور جنت کی طرف جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ المدثر ٹرسٹ کی فنڈ ریزنگ مہم اور کمیونٹی کو اس سے آگاہی کیلئے 21 جولائی کو ذائقہ ریسٹورنٹ میں ایک چیریٹی ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے تمام کمیونٹی کے افراد سے اپیل ہے کہ وہ اس میں جوق درجوق شرکت کریں تاکہ خدمت خلق کا یہ سفر جاری و ساری رہے اور ننھے فرشتوں کی آنکھوں میں جگمانے والی امید کی کرن مرجھانے نہ پائے بلکہ زیادہ روشنی کی طرف سفر کرسکے۔