لیڈز(نیوز ڈیسک)پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم میچ آج ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے شروع ہو گا،لیڈز میں گزشتہ روز کی طرح صبح کے وقت بادلوں کے ڈیرے ہیں تاہم دوپہر12 بجے کے بعدموسم گرم ہو جائے گا،محکمہ موسمیات نے لیڈز میں موسم خشک ،گرم اور حبس رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈز میں آج رواں سیزن کا گرم ترین دن ہو سکتا ہے،لیڈز میں درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ،دوپہر کے بعد بارش کا کوئی امکان نہیں۔واضح رہے کہ سیمی فائنل تک رسائی کیلئئے پاکستان کو افغانستان کیخلاف میچ جیتنا ضروری ہے جبکہ پاکستان اپنا آخری میچ 5جولائی کو بنگلہ دیش کیخلاف لارڈز میں کھیلے گا۔ دوسری جانب سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ لیڈز میں موسم خشک اور گرم ہے، ایسی صورتحال میں افغانستان کے سپنرز خطرناک ہو سکتے ہیں، امید ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے ان کیخلاف پلان تیار کیا ہو گا۔ وسیم اکرم نے اوپنرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فخر زمان اور امام الحق میں سے ایک کھلاڑی کو سنچری بنانا ہوگی اور دونوں اوپنرز کو ہی وکٹ پر رک کر رنز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ افغان باﺅلرز پر دباﺅ بڑھایا جا سکے اور قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازوں کیلئے بھی سازگار صورتحال بنائی جا سکے۔