اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا وژن ”روڈ ٹو مکہ” تاریخی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جس کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عازمین کی امیگریشن اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہوگی۔ روڈ ٹو مکہ منصوبہ سعودی امیگریشن کا مزید 8 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے ۔ سعودی امیگریشن،سول ایوی ایشن عملے پرمشتمل 60 ارکان پہنچے ہیں۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر عازمین کی امیگریشن کے لیے کاؤنٹر پر سسٹم نصب کر دیئے گئے ہیں، 21 ہزار سے زائد عازمین کی امیگریشن خصوصی کاؤنٹر پر کی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ پر 10 سے زائد کاوٴنٹرز قائم ہیں، اسلام آباد ائیر پورٹ پر قائم سسٹم سعودی ائیرپورٹ سے منسلک کر دیا گیا ہے، منصوبہ 2020ء میں لاہور، کراچی اور دیگر شہروں سے شروع کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح پانچ جولائی کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر کریں گے جب کہ پہلی حج پرواز اسی روز عازمین حج کو لے کر سعودی عرب روانہ ہو گی۔ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت عازمین حج اپنی امیگریشن اسلام آباد ائیر پورٹ پر کر کے جدہ اور مدینہ ائیرپورٹ پر امیگریشن کے طویل انتظار سے بچ سکیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی، روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہو گی۔ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر دس سے زائد کاؤنٹرز اور سسٹم قائم کردیئے گئے ہیں، سعودی امیگریشن کے 51 افراد پر مشتمل عملہ نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر قائم خصوصی کاؤنٹرز کا دورہ کیا۔ رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہو گی