اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر مارک بیریٹی نے وزیراعظم عمران خان کو ورلڈ امن فورم میں شرکت کی دعوت دے دی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے کے زیر اہتمام فرانس کے قومی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان سمیت مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی جب کہ فرانس کے قومی دن کے حوالے سے تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر مارک بیریٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساتویں ورلڈ امن فورم کو دوبارہ فعال کر رہے ہیں، ورلڈ امن فورم نومبر میں پیرس میں ہوگا، گلوبل مسائل کا حل ایک دوسرے سے تعاون میں پوشیدہ ہے، تمام بڑے لیڈر اس فورم میں آکر مسائل اور ان کے حل پر بات کر سکتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پیرس میں ورلڈ امن فورم میں شریک ہوں، جانتے ہیں وزیراعظم عمران خان مصروف ہیں لیکن ان کے پیرس آنے پر ہمیں خوشی ہوگی۔دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا3روزہ دورہ واشنگٹن وائٹ ہائوس کی دعوت پر ہورہاہے، عمران خان 21جولائی کو 20ہزار نشستوں والے اسپورٹس اسٹیڈیم میں پاکستانیوںسے خطاب کرینگے، دورہ کامیاب بنانے کے سلسلے میں امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر اور موجودہ ایمبسڈرایٹ لارج علی جہانگیر صدیقی سرگرم ہیں،ادھر پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کی واشنگٹن آمد پر تبصرےبھی شروع ہوگئے ہیں۔تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ واشنگٹن کی مصروفیات اور تفصیلات کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کی تاحال خاموشی اور وہائٹ ہائوس سے رجوع کرنے کے مشورہ کی وجوہات درست اور قابل فہم یوں بھی ہیں کہ وزیراعظم کا دورئہ وہائٹ ہائوس کی دعوت پر ہو رہا ہے اور دورہ کی مصروفیات و تفصیلات سے وہائٹ ہائوس زیادہ واقف ہے، دورہ کی اہمیت اور کامیابی کے بارے میں ’’محتاط پر امید‘‘ (Cautions optimism) کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی فوج کی اعلیٰ قیادت کی واشنگٹن آمد کے بارے میں تبصرے کئے جا رہے ہیں جبکہ اس 3روزہ دورے میں 22جولائی کو ’’ٹرمپ۔ خان ملاقات‘‘ کو وزیراعظم کی اہم ترین مصروفیات کے علاوہ مزید اہم مصروفیات میں پاکستانیوں ، بزنس کمیونٹی سے خطاب اور وطن واپسی سے قبل کیپٹل ہل پر امریکی اراکین کانگریس سے ایک اجتماعی ملاقات کا پروگرام بھی شامل ہے۔