قومی خدمات اورمنصوبوں پرسیاسی راہنمائوں کیخلاف نیب گردی بدترین ہے، ڈیم اورپشاور میٹرو سمیت سلیکٹڈ حکومت کا ہرمنصوبہ مشکوک ہوچکا ہے، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے مرکزی راہنما قاری فاروق احمد فاروقی نے کہا ہے کہ پشاور میٹرو اورڈیم سمیت پی ٹی آئی حکومت کا ہر منصوبہ مشکوک ہوتا جارہا ہے۔ جبکہ گزشتہ حکومتوں کے شفاف منصوبوں کو بھی متنازعہ بنایا جارہا ہے اورعدم ثبوت کی بنا پر قائم کیے گئے مقدمات میں بھی گرفتاریاں سمجھ سے بالا تر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پرعزم ہیں ہم نے اس سے پہلے بھی آمروں کا مقابلہ کیا ہے اور اب اس سول مارشل لاء کا بھی مقابلہ کریں گے ۔سلیکٹڈ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جعلی مقدمات میں گرفتاریاں عذاب کے بجائے سعادت اورغیبی مدد بنتی جارہی ہیں اس سے پاکستان پیپلز پارٹی کو نئی زندگی مل رہی ہے اور عوام اور کارکنان جاگ اٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا تو محرم کے بعد پورا ملک جام کردیں گے ۔ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الہی، پرویز خٹک، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو کب گرفتار کیا جائیگا۔