جعلی انتخابات، مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، چوربازاری، ہڑتالیں قرضے،70سال پرانے مسائل بڑھتے جارہے ہیں کم نہیں ہورہے توتبدیلی نے کیا دیا، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے نومنتخب ممبر قاری فاروق احمد فاروقی نے کہا ہے کہ جعلی تبدیلی بھیڑیوں کا جھنڈ ثابت ہوئی جنہوں نے لوٹ گھسوٹ کے نئے نئے طریقے ایجاد کرنے شروع کردیئے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اورچوربازاری میں جس تیز رفتاری سے اضافہ ہورہا ہے اس سے تو محسوس ہوتا ہے کہ حکمران کرپشن کے سرپرست بنے ہوئے ہیں ۔ سابقہ حکومتوں میں کبھی اتنی تیزی سے مہنگائی اور مسائل میں اضافہ نہیں ہوا جس طرح آج ہورہا ہے ۔ تبدیلی والے بھیڑیوں کے جھنڈ کی طرح عوام کو نوچ رہے ہیں ۔
سینیٹ انتخابات اور ضمنی انتخابات میں جس فاشسٹ طریقوں سے دھاندلیوں ہورہی ہیں اس سے موجودہ حکومت کا چہرہ اوربھی واضح ہوتا جارہا ہے۔ یہ حکومت پاکستان کو چند مہینوں میں بہت نیچے لے جاچکی ہے ۔ اور غریب عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔ سفید پوش لوگ بھی اب سڑک پر آچکے ہیں اس سب کے بعد حکومت کو اخلاقی طور پر خود ہی اقتدار سے الگ ہوجانا چاہیے۔