لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں شوہر نے غیرت کے نام پر تیز دھار آلے سے بیوی سمیت 2 افراد کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق واقعہ میاں چنوں کی علم دین کالونی میں پیش آیا جہاں ملتان کے رہائشی محمد نواز نے اپنی بیوی اور ایک شخص کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ملزم کا کہنا ہے کہ میری بیوی اپنے مبینہ آشنا یٰسین کے ساتھ فرار ہو کر میاں چنوں آئی تھی۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے 5 ماہ قبل ملتان میں اپنی بیوی کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا جبکہ یٰسین بھی مقتولہ سے شادی کا دعویٰ کرتا تھا لیکن مقتول کے ورثاء کوئی نکاح نامہ نہیں دکھا سکے تھے، مزید حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق خیبرپی کے کے ضلع شانگلہ کی تحصیل مارتونگ میں پولیس نے غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کے قتل کے الزام میں دو بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔ مارتونگ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او محمد افضل خان نے میڈیاکو بتایا کہ ملزمان شاہ جہاں اور محمد عالم کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ ایس ایچ او محمد افضل خان نے عینی شاہد ضیاالدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ضیا الدین اور ان کا کزن تاج الدین تعزیت کے بعد موٹرسائیکل پر گھر آ رہے تھے۔ جب دونوں مارتونگ پہنچے تو پہلے سے موجود شاہ جہاں اور اس کے بھائی محمد عالم نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں تاج الدین نے دم توڑ دیا۔ ضیاالدین کے مطابق بعدازاں دونوں مسلح بھائیوں نے اپنے بھائی اشرف علی کی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ضیا الدین کے مطابق ملزمان کو شبہہ تھا کہ تاج الدین اور ان کی بھابھی کے مابین ناجائز تعلقات تھے۔ ایس ایچ او افضل نے بتایا کہ ملزمان شاہ جہاں اور محمد عالم کے خلاف 302 کا مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو واردات کے اگلے روز گرفتار کرلیا۔