اسلام آباد(ویب ڈیسک) ذمہ دار عسکری ذرائع کےمطابق بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر انتہا درجے کی خلاف ورزیوں بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری،کلسٹر بموں کے حملوں کی وجہ سے کسی بھی قسم کی بڑی جارحیت کا مقابلہ کرنے کےلئے بری ،فضائی اور بحری فوج ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہیں۔ پاکستان کی تمام اہم تنصیبات ،فضائی اڈوں کی حفاظت کےلئے پاک فضائیہ کے پائلٹ اور دوسرا عملہ بھی ہائی الرٹ پر ہے اور ماضی کے واقعات کی روشنی میں کسی قسم کا مقابلہ کرنے کےلئے ہمہ وقت چوکس ہے۔ واضح رہے بھارت کے دو جنگی طیارے گرائے جانے اور ایک جدید ہیلی کاپٹر کی تباہی کے بعد نریندر مودی کی حکومت جوابی کارروائی کا سوچ سکتی ہے اور شدید دبائو کا شکار ہے۔عسکری ذرائع نے بتایا کہ اگر بھارت نے ایسی منفی سوچ اورکارروائی کا مظاہر ہ کیا تو پاک فضائیہ اور بری فوج کو پہلے سے زیادہ چوکس پائے گئے۔ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بزدلانہ کارروائی اور کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ان کی قیادت او ر عوام متحد ہیں اور وہ اپنے سیاسی اور دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر بھارت کی کسی قسم کی مہم جوئی کی صورت میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے۔ذرائع نے بتایا کہ بھارتی حکومت سات لاکھ فوج کے علاوہ مزید اٹھائیس ہزار فوج کوتعینات کرکے ظلم و ستم کی انتہا کررہی ہے۔