حکومت کی طرف سے اپوزیشن کومشتعل کرنے کیلئے بے جا گرفتاریوں سے مسئلہ کشمیر پرٹرمپ مودی ایجنڈے کو مزید تقویت مل رہی ہے، قاری فاروق احمد
پیرس؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نومنتخب ممبر پنجاب کونسل قاری فاروق احمد فاروقی نے مریم نواز کی گرفتاری کو حکومت کی حماقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے مخالفین کو الجھا کر اوراپوزیشن کو دبائو میں لانے کی پالیسی کو مزید سخت کرنے سے ملکی مفاہمت اور یکجہتی کو شدید نقصان پہنچا ہےا ور اہم ترین مسئلہ کشمیر پس پشت جاتا دکھائی دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے مسئلہ کشمیر پر ٹرمپ مودی ایجنڈے کو تقویت مل رہی ہے اور یہ وقت اگرہاتھ سے نکل گیا اور خدانخواستہ مودی ٹرمپ کے ناپاک عزائم خاک میں نہ ملائے گئے تو پاکستان مستقل طور پر ہندوستان کے نرغے میں آجائیگا۔ اور کشمیری بھائی جو اس انتظار میں ہیں کہ کب ان کیلئے پاکستان سے امداد آئیگی اور کب پاکستانی فوج اورحکومت ان کی خاطر بڑے اقدامات اٹھائیں گے ان کو ہماری حکومت کیا جواب دے گی۔ کیا ہمارے کشمیری بھائیوں کو اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی ، آج مریم نواز کی گرفتاری حکومت کی ایک چال ھے لوگوں کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کے لئیے، اس وقت بہترین اتحاد و یگانگت کی ضرورت تھی مگر سلیکٹڈ ٹولہ جو مودی اور ٹرمپ کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنا رہا ہے اک سازش کے تحت قوم کو مزید منتشر کر رہا ہے