فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی كا عیدالاضحی کے موقع پر کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ
پیرس 11 اگست:2019 فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے عیدالاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم اور نہتے کشمیریوں جن کو بھارت کے ظلم و ستم کا سامنا ہے کے تحفظ اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی ہرممکن حمایت جاری رکھیں گے۔
سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس میں عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کیلئے خصوصی انتظامات کیئے گئے تھے جہاں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، سفارت خانہ کے افسران اور عملے نے بڑی تعداد میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ عید کی نماز ادا کی۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ خود مختار ریاستی حیثیت کو تبدیل کرنا ایک غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی قدم ہونے کے علاوہ بین الاقوامی قوانین، اور اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کی منظور کردہ متعدد قراردادوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے دوطرفہ سمجھوتوں اور بھارتی قیادت کے کشمیریوں کے ساتھ کیئے جانے والے وعدوں کے بھی منافی عمل ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ فرانس اور پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانی مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی، اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
سفیر پاکستان نے بین الاقوامی برادری اور خصوصاُ فرانسیسی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے کشمیر کے اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مستقل بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔